لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وعدہ پورا نہ کر سکیں تو ان کا نام بدل دیجئے گا اب تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کا نیا نام شوباز شریف تجویز کیا ہے۔
تحریک انصاف پنجاب کے زیراہتمام لوڈ شیڈنگ کےخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ سے خطاب کے دوران میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی تنہائی کا شکار ہوگئی ہے، احتجاج کرنا جمہوری حق ہے، میاں برادران بھی ماضی میں ٹرین مارچ، لانگ مارچ اور شارٹ مارچ کرچکے ہیں، شیخ رشید کو گرفتار نہیں کیا جانا چاہئے۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف میٹرو بس اورفلائی اوورز کے چکروں سے نکل کرتوانائی کا بحران حل کریں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وعدہ پورا نہ کرسکیں تو ان کا نام بدل دیجئے گا۔
اب ان کی حکومت کو ایک سال ہوگیا مگران کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا اس لئے ہم نے وزیراعلیٰ پنجاب کا نیا نام شوباز شریف تجویز کیا ہے، آئندہ ہم انھیں نئے نام سے بلائیں گے اور عوام کے مسائل حل نہ ہوئے تو شہباز شریف کا نام ہمیشہ کے لئے شوباز شریف مشہور ہوجائے گا۔