کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر وفاق نے کراچی کے پانی و بجلی کے مسائل حل نہ کیے تو احتجاجاً سی ای سی اجلاس سے واک آؤٹ کر جاؤں گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے مشیر خزانہ اپنے شہر کے مسائل حل کرنے کے بجائے بیرونی دوروں میں مصروف ہیں، وفاق کے پاس اگر بجلی کا بحران حل کرنے کی صلاحیت نہیں تو سندھ حکومت کو اختیار دے، دیکھتے ہیں یہ مسئلہ کس طرح حل نہیں ہوتا، اگر وفاق نے کراچی کے پانی و بجلی کے مسائل حل نہ کیے تو میں سی ای سی اجلاس سے احتجاج کے طور پر واک آوٹ کروں گا۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ شہر میں امن کی ذمہ داری رینجر کی نہیں پولیس کی ہے تاہم پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے سندھ حکومت کام کررہی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اللہ کا فضل ہے کہ کراچی کے حالات گزشتہ سال سے بہتر ہیں،پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو کراچی والوں نے انجوائے کیا، بوہری کمیونٹی کے روحانی پیشوا کی آمد کے موقع پر 40 ہزار غیرملکیوں کی کراچی آمد ہوئی، بوہری برادری کے روحانی پیشوا نے کراچی کے امن پر اطمینان کا اظہارکیا، آغا خان کمیونٹی کے سربراہ بھی آئے ان کا دورہ بھی چھ روزہ تھا جو بڑے اطمینان کے ساتھ میں گزرا۔