بجلی کے لوڈشیڈنگ پلان پر بلا امتیاز عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ خرم شہزاد عمر
Posted on May 6, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرراجہ خرم شہزاد عمر نے فیسکوجھنگ سرکل کے حکام پرزور دیا کہ وہ بجلی کے لوڈشیڈنگ پلان پر بلا امتیاز عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔حکومت کی ہدایات ، واپڈا اور فیسکوکی پالیسی کے تحت کاروباری ،زرعی اور گھریلو بجلی کے فیڈر پر میرٹ کے تحت لوڈشیڈنگ کی جائے اور کسی طبقہ سے ناروا سلوک نہ کیا جائے۔یہ ہدایات انہوںنے تاجروں ،صنعت کاروں،مزدوروں کے نمائندوں، فیسکو افسران اوراسسٹنٹ کمشنرزکے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس کے دوران مختلف صنعت کاروں اور تاجروں نے احتجاج کر تے ہوئے کہا کہ زیادہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے منظور شدہ لوڈشیڈنگ پلان کے برعکس فیسکو کی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گھریلو زندگی کے علاوہ کاروباری نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث مزدور طبقہ میںسخت احتجاج کا سلسلہ پید ا ہو رہا ہے۔ فیسکو حکام نے اس موقع پر بتایا کہ شدید گرمی کے باعث بعض اوقات اضافی بجلی کی کمی کے باعث نیشل گرڈ پر مین لائن بند ہو جاتی ہے اور ایمر جنسی کی صورت میں وہ بے بس ہوتے ہیں ۔انہوںنے مزید بتایا کہ جھنگ کوٹہ میں 7سو میگا واٹ بجلی منظور ہے اور طلب17سو میگا واٹ سے زائد ہے جسے کنٹرول کرنے کیلئے اربن اور رورل ایریا میں 8سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ڈی سی او جھنگ نے واپڈا حکام کو تاکید کی کہ وہ مزدوروں اور عوامی احتجاج کا باعث نہ بنیں اور اپنے ماتحت عملہ کو پابند بنائیں کہ وہ عوام اور صارفین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور درکار معلومات فوری فراہم کریں۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ بجلی کا بحران ایک ٹھوس حقیت ہے جس پر قابو پانے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے مگر فیسکو کا عملہ اپنے رویہ سے عوام میں احتجاج کا باعث بنتا ہے جس کا فیسکو اتھارٹی کو نوٹس لینا چاہیے ۔انہوںنے تاجروں اور صنعت کاروں سے کہا کہ وہ ان سے رابطہ میں رہیں تاکہ انکے ساتھ کسی قسم کی بلاامتیاز کاروائی بارے حکومت اور اعلیٰ ترین حکام کو آگہی دی جا سکے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com