اسلام آباد (جیوڈیسک) بجلی کی قیمت میں ہوش ربا ریکارڈ اضافے نے سب کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ عوام تو عوام سیاسی جماعتوں اور تاجروں کی بھی چیخیں نکل گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما امین فہیم نے کہا ہے کہ ملک میں امیروں کی حکومت ہے جو صرف امیروں کا ہی سوچ رہی ہے۔
اس کا غریبوں سے کوئی لینا دینا نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں شدید احتجاج اور ملک بھر میں مظاہرے کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ 16 روپے یونٹ بجلی کسی کو قبول نہیں۔ اس اضافے کے خلاف پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور بجلی کے بل جلائے جائیں گے۔
تحریک انصاف نے بھی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظالمانہ وار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ پیپلز پارٹی نے پانچ سال میں کیا وہ (ن) لیگ کی حکومت نے چار ماہ میں کر دکھایا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نے اس فیصلے کے خلاف مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کے برقی قتل کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں ہولناک اضافہ ہوگا۔ نئی قیمتیں ناقابل برداشت ہیں۔ کاربار کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔