لاہور (جیوڈیسک) بجلی و گیس کی علانیہ اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کیے رکھا، لوڈشیڈنگ سے کاروبار بری طرح متاثرہوئے اور گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے رہے۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 9 ہزار 650 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ طلب 13 ہزار میگاواٹ رہی، شہری علاقوں میں 8 سے 10، دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی۔
دوسری جانب کئی علاقوں میں گیس غائب اور کئی میں پریشر کم رہا، بھگت پورہ شاد باغ کی خواتین نے گرو مانگٹ روڈ پر واقع سوئی گیس آفس کے باہر احتجاج کیا اور مین روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو اندر آنے سے روکنے کیلئے دفترکے گیٹ بند کر دیئے، احتجاج کے باوجود افسر وں نے مظاہرین کی بات نہ سنی۔