بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو مہنگائی کے کوڑے مارنے کے مترادف ہے: سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کی جانب سے بجلی پر 150 ارب روپے کی سبسڈی ختم کرنے، 240 ارب روپے کی ریکوری کیلئے الگ سے سرچارج لگانے، آئی ایم ایف کو قومی ایئر لائن کی نجکاری کا عمل 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرانے، گیس پر لیوی ٹیکس عائد کرنے، گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کیلئے بجلی کے نرخ بڑھانے اور 200 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے، موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ٹال ٹیکس میں اضافہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسانے کے مترادف قرا ر دیاہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم نے حکومت کو مینڈیٹ مہنگائی لانے کیلئے نہیں بلکہ اس کے خاتمے کیلئے دیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اپنے ایک سال میں پیپلز پارٹی حکومت کے پانچ سالہ دور اقتدار کے برابر مہنگائی کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ حکومت کی جانب سے مہنگائی کے خاتمے کے دعوے ہوا میں تحلیل ہو گئے ہیں۔

بجلی کے صنعتی، کمرشل، گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے ٹیرف میں اضافے سے صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہو جانے سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نج کاری کی یقین دہانی سے ثابت ہو گیاہے پاکستان میں اصل حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی ہے۔

جماعت اسلامی پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کی نجکاری کی ہر سطح پر مخالفت کرے گی۔ رمضان المبارک کے بعد عوامی ایجنڈا لے کر عوام کے پاس جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فی الفور قومی و عوامی مفاد عامہ میں بجلی، گیس، ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور موٹروے اور نیشنل ہائی ویز ٹال ٹیکس میں بھی اضافہ واپس لے۔