لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں غریبوں کو انصاف نہ ملنے کی سب سے بڑی وجہ اداروں کا ذمہ داری سے کام نہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبو ں میں حکومت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ارائیں کے گھر آمد پر علاقہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چوہدری سرور نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے فائدہ اٹھانا انتہائی ضروری ہے تاہم بجلی اور گیس کی کمی سے انڈسٹری بری طرح تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف عوامی مسائل کے حل کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ بعدازاں گورنر پنجاب نے گورنمنٹ زینت میڈیکل سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ وہ صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری کے لئے کاوشیں کر رہے ہیں۔