بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاج، مظاہرے

load Shedding

load Shedding

لاہور (جیوڈیسک) بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ پر عوام کا صبر جواب دے گیا ، رہی سہی کسر ٹرانسفارمرز کی خرابی نے پوری کر دی جس پر لاہور ، سکھر اور لاڑکانہ میں شہری سڑکوں پر آ گئے۔

لاہور کے علاقے ساندہ اکرم پارک میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بند روڈ بلاک کر دی ، ان کا کہنا تھا کہ تین دن سے ٹرانسفارمر خراب ہے۔

لیکن لیسکو حکام ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں بھی ٹرانسفارمرز کی خرابی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہیں۔ پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔

مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک رکھی ، لاڑکانہ میں بھی پندرہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک انصاف نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہ آئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔