لاہور : غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ آخری حدیں پار کر گئی،کاہنہ میں چھ سے آٹھ گھنٹے کی مسلسل لوڈ شیڈنگ نے شدید گرمی اور حبس میں شہریوں کا بھر کس نکال دیا۔
کاہنہ کے وارڈ نمبر 14میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے سے بچے حبس اور گرمی سے بلبلا اٹھے، پینے کے پانی کی قلت، معمولات زندگی میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق کاہنہ میں گرمی کا راج گزشتہ روز بھی برقرار ہا جس کے ساتھ ساتھ شدید لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا رہا۔ جس کی وجہ سے شہریوں نے چھٹی کا روز انتہائی کرب اور پریشانی میں گزارا لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کو پانی بھی نہ مل سکا۔
جبکہ شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کو سارا دن نڈھال کیے رکھا ،کاہنہ میں آٹھ گھنٹہ کی لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کے صبر کا خوب امتحان لیا،کاہنہ وارڈنمبر 14کے رہائشیوں محمدوحید،منیراحمد ودیگر نے سب ڈویژن واپڈا کاہنہ کے لائن سپریٹنڈنٹ امجدبوبی،شیرمحمد اورایس ڈی او وارث کیخلاف شدیداحتجاج کیا،احتجاج کے دوران ایک بزرگ شہری سخت گرمی اور حبس کی وجہ سے بے ہوش ہوکرگر پڑا،اہل علاقہ وارڈ نمبر 14کے مکینوں کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی شدیدمتاثرکررکھے ہیں،کاہنہ کے راہئشیوں کا وفاقی وزیر پانی وبجلی اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔