بجلی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے

Chaudhry Shujaat Hussain

Chaudhry Shujaat Hussain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اضافہ افسوسناک ہے، فوری واپس لیا جائے، لالٹین جلانا بھی مشکل ہو جائیگا، (ق) لیگی رہنمائوں کا مطالبہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ڈرون حملوں پر عوام کی چیخ و پکار کے باوجود ان پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے مزید ڈرون بم گرا دئیے گئے ہیں۔

سروسز اور ضروری استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کے جو نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں عوام پریشان ہیں کہ یہ سلسلہ کہاں رکے گا۔ دونوں رہنماں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت اور امریکہ میں اقتصادی مشکلات کے باوجود پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس یہاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ہماری کہی گئی بات درست ثابت ہو رہی ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں جس رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے چند ماہ میں عوام بجلی کی کمی کا رونا چھوڑ کر اپنے میٹر کٹوا کر لالٹین کے دور میں واپس جائیں گے کیونکہ ان کیلئے مشکل ہو گا۔

کہ بل دے کر وہ دو وقت کی روٹی بھی پوری کر سکیں لیکن یہ تو مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ کر رہے ہیں اور غریبوں کیلئے لالٹین جلانا بھی مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھانے سے ہر شعبہ میں اخراجات میں اضافہ کے باعث قیمتیں بھی مزید بڑھیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔