اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بجلی کی قیمتیں ، ٹیکس اصلاحات آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں رکاوٹ ہیں۔
وزارت خزانہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے ، ٹیکس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے روڈ میپ پر اختلافات کے سبب آئی ایم ایف پروگرام کی فوری بحالی کے امکانات نظر نہیں آتے۔
اخبارات کے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر کو کم کر کے 55 سال کرنے کے امکان کو بھی مسترد کردیا تاہم انہوں نے بتایا کہ حکومت پنشن اصلاحات متعارف کرانے کی تجویز پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد اسے پائیدار بنانا اور گھوسٹ پنشنرز کے معاملے کو حل کرنا ہے۔
سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے اور کچھ غیر معمولی اہم امور پر تبادلہ خیال کرنے میں وقت لگے گا، اس اس مرحلے پر آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے بجائے کورونا وبا سے نمٹنا حکومت کی ترجیح ہے۔تاہم پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنے کا خواہش مند ہے لیکن ہمیں عوام کو درپیش مشکلات کو بھی زیر غور لانا ہے، ایسے وقت میں جب معیشت کی صورتحال اچھی نہیں ہے، حکومت اضافی ٹیکس عائد نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مالی پالیسی پر تنقید مناسب نہیں،اضافی ٹیکس کیلئے اقدامات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر اختلاف کے سبب آئی ایم ایف نے رواں سال فروری کے بعد سے 39 ماہ کی توسیعی فنڈ سہولت کے دوسرے جائزے کی منظوری نہیں دی تاہم وزارت خزانہ کے سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں اورفریقین کے مابین اعتماد میں کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف مزید وضاحت چاہتا ہے کہ پاکستان ٹیکس کے نظام میں کس طرح بہتری لائے گا۔آئی ایم ایف کو نئے مالی سال کے لئے 4.963 ٹریلین روپے ٹیکس وصولی کے ہدف کے حصول پر خدشات ہیں، اقتصادی ماہرین نے ٹیکس وصولی کے اس ہدف کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا ہے۔
سینئر عہدیدار نے کہا کہ پاکستان آئندہ قرضوں کی منظوری کے لئے آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کی کوشش نہیں کر رہا، حکومت اس پروگرام کی بحالی کے لئے اپنی توانائیاں صرف نہیں کرنا چاہتی۔
عہدیدار نے بتایا کہ آئی ایم ایف مرکزی بینک کی خودمختاری کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ میں ترمیم ، نیشنل ریگولیشن آف جنریشن ، ٹرانسمیشن اور الیکٹرک پاور ایکٹ میں بھی ترمیم چاہتا تھا۔ حکومت نے 10 جون کو قومی اسمبلی میں الیکٹرک پاور ایکٹ کا بل پیش کیا تھا، تاحال اس کی منظوری نہیں ہوئی،آئندہ چند ماہ کے دوران آئی ایم پروگرام کی عدم بحالی کی صورت میں مذکورہ عہدیدار نے متبادل منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی چھتری کے بغیر بیرونی مالی مدد نہیں ملے گی،ایسی صورتحال پیش آنے پر آئی ایم ایف سے معاملات حل کر لیں گے۔