کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران پاور سیکٹر میں 53 کروڑ 29 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 18 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے 35کروڑ 20 لاکھ ڈالر زائد ہے۔
رواں مالی سال کے دوران کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے 29 کروڑ ڈالر، تھرمل پاور میں 13کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ ہائیڈل پاور پروجیکٹس میں11 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، تھرمل پاور میں 2کروڑ 40لاکھ ڈالر نج کاری سے حاصل کیے گئے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے تیل وگیس کی تلاش کا شعبہ 24 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تاہم اس شعبے میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 26 کروڑ 77 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 2کرور 11 لاکھ ڈالر کم ہے، غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کے لحاظ سے فنانشل سیکٹر اور پٹروکیمکلز کے شعبے سرفہرست ہیں۔
فنانشل سیکٹر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے دوران کی جانے والی 23کروڑ 82 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 2کرور 80 لاکھ ڈالر تک محدود رہی جبکہ پٹروکیمکلز کے شعبے سے 13کروڑ 60لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری نکال لی گئی، آٹو سیکٹر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بھی 6کروڑ 13 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 3کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہی، کمیونی کیشن کے شعبے میں مجموعی سرمایہ کاری 5کروڑ 36 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 5کروڑ57 لاکھ ڈالر رہی،7کروڑ 20 لاکھ ڈالر ٹیلی کام سیکٹر میں انویسٹ کیے گئے جبکہ آئی ٹی سیکٹر سے غیرملکی سرمایہ کاروں نے 1کروڑ 58 لاجھ ڈالر نکال لیے، تعمیرات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 4کروڑ 81 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 3کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی، مشروبات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 9کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 6کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہی، فوڈ سیکٹر سے 2کروڑ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری نکال لی گئی، ٹیکسٹائل سیکٹر میں غیرملکی سرمایہ کاری 4کروڑ 20لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 1کروڑ 98 لاکھ ڈالر رہی، دھاتوں کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری مسلسل کم ہورہی ہے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران اس شعبے سے 5کروڑ 2 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری نکالی گئی تھی، رواں مالی سال کے دوران بھی اس شعبے سے 5کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کم ہوئی، کیمیکلز کے شعبے میں سرمایہ کاری 5کروڑ 56 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 6کروڑ 11 لاکھ ڈالر رہی، پٹرولیم ریفائننگ کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال منفی 1کروڑ 34 لاکھ ڈالر تھی جو رواں مالی سال کے دوران 3کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہو گئی، فارما سیوٹیکلز کے شعبے میں گزشتہ مالی سال کے دوران 4کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھی گئی تھی جو رواں مالی سال 52 لاکھ ڈالر مثبت رہی، الیکٹرونکس کے شعبے میں سرمایہ کاری منفی 17 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 1کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہی۔