بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ ہو گیا، شہروں اور دیہات میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ

Shortfall

Shortfall

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ، جھلسا دینے والی گرمی میں شہروں میں آٹھ سے بارہ جبکہ دیہات میں چودہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی زندگی عذاب بنا دی۔

شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے۔ وزارت پانی و بجلی کے سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے سارے دعوے دھرے رہ گئے۔

بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے ۔ دن کے وقت جھلسا دینے والی گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش سے روزہ دار بلبلا اٹھے۔ لاہور کے بیشتر علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے۔

جن علاقوں میں ٹرانسفارمرز ٹھیک کام کر رہے ہیں وہاں سسٹم بچانے کے نام پر طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ شہر اقتدار اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی۔

ملتان اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی بجلی کی طویل بندش نے حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا۔ شہری علاقوں میں آٹھ سے بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ مختلف اضلاع میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی فراہمی بھی سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔