بجلی کا شارٹ فال 3700 میگا واٹ، شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے عوام بے حال

Electricity

Electricity

لاہور (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 700 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ میں عوام کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کے مطابق ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار 12 ہزار 600 جبکہ طلب 16 ہزار 300 میگا واٹ ہے، اس طرح ایک مرتبہ پھر بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 3 ہزار 700 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

لاہور سمیت وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہات میں 12 سے 14 گھنٹوں پر محیط ہے، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا سندھ اور بلوچستان میں عوام 16 سے 20 گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہنے پر مجبور ہیں۔

ایک جانب عوام شدید گرمی کی وجہ سے بے حال ہیں اور دوسری جانب غیراعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ نے انہیں دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، شہری علاقوں میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں ماند پڑنے کے علاوہ عوام کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے، دیہی علاقوں میں ٹیوب ویلز بند ہونے سے زراعت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔