اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بجلی چوروں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔ اسلام آباد میں کراچی، سیالکوٹ اور لاہور کی مختلف تاجر تنظیموں کے وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برداری بجلی چوروں کے تعین میں تعاون کریں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے توانائی کے بحران اور ٹیکسز کے معاملات سے متعلق تاجروں کی شکایات سنیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا مسئلہ توانائی کا بحران ہے اور اس کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1999 میں جب ان کی حکومت تھی تو پاکستان کا قرضہ 3 ارب روپے تھا اور اب جب مسلم لیگ نواز کی حکومت آئی ہے تو اب پاکستان پر کل قرضہ 14 ہزار 500 ارب روپے ہے۔