اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران ختم ہو گا تو معیشت کا پہیہ چلے گا۔ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے جلد قانون منظور کرایا جائے گا۔ اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی بحران کاحل حکومت کی پہلی ترجیح ہے، تبھی اقتصادی پہیہ چلے گا۔
بجلی چوری ختم کرنا پڑے گی اور اس کے لیے جلد قانون منظورکرایاجائے گا۔ نوازشریف نے کہاکہ سرکلرڈیٹ ختم کردیا ہے، 150 ارب روپے کی سبسڈی جاری رہے گی، 70 ملین لوگ غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزاررہے ہیں انہیں سبسڈی دیناپڑے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھاشا ڈیم پر پیش رفت ہوئی ہے، بجلی ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت کی بھی ضرورت ہے، بجلی زیادہ پیدا کربھی لیں تو ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کر جاتی ہیں، سحری اور افطاری کے وقت ٹرپنگ کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی منصوبوں پر کام کررہے ہیں جس سے گیس کی سپلائی جلد بہتر ہو جائے گی، بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی، ایران گیس پائپ لائن بھی ایک آپشن ہے اور جو بھی فیصلے لیے جائیں، واپس نہیں ہونے چاہئیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ہوم ورک کر لیا ہے اور مزید کام کررہے ہیں، تمام ایشوز کو سمجھنا چاہتا ہوں، مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ سمجھتے سمجھتے یہ دن آگیا ہے، جب کہنے کو کچھ ہوگا تو قوم سے خطاب کروں گا۔