مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے ملک کے سب سے بڑے مسئلے بجلی چوروں کے خلاف ملکی سطح پر آپریشن کلین اپ ہوگا تاکہ بل دینے والے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
لاہور چیمبر میں اکنامک جرنلسٹ ایوسی ایشن کے وفد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 1999 میں مسلم لیگ ن نے جب حکومت چھوڑی تو ملک پر قرضہ تین کھرب روپے سے کم تھا جو اب بدقسمتی سے 15 کھرب تک جا پہنچا ہے۔ اس دوران بجلی کے بدترین بحران سمیت ملک میں بے روز گاری اور کرپشن عروج پر رہی جس کی وجہ سے اب انتہائی معاشی بدحالی کی حالت میں ملک ہمیں اقتدار مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ خالی ہے لیکن جب ہم دوبارہ پانچ سال بعد عوام کی عدالت میں جاینگے تو انرجی کے بحران کے حل سمیت بہتر پاکستان چھوڑ کر جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ارادہ کیا ہے کہ وہ حلف اٹھاتے ہی معشیت کی بحالی کیلیے کرپشن فری معشیت کو یقینی بنائیں گے۔