کراچی: بجلی اور پانی غائب اورنگی سائٹ اور کلاکوٹ میں مظاہرے پتھر اور ٹریفک معطل

Electricity

Electricity

کراچی (جیوڈیسک) بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے ہوئے شہریوں نے پیر کو اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا اور لیاری کلاکوٹ میں سڑک بلاک کر کے احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک طرف شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور اسکے نتیجے میں پانی کی قلت نے ہمیں پتھروں کے دور میں دھکیل دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن اسلام چوک، سائٹ میٹروویل اور لیاری کلاکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی پر شہری بلبلا اٹھے۔

درجنوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے جن میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔ مظاہرین نے روڈ بلاک کر کے سڑکوں پر ٹائر اور دیگر سامان نذر آتش کیے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اس دوران مشتعل افراد نے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا جس کے باعث گاڑیاں دوسری شاہراہوں پر جانے لگیں اور وہاں بھی بد ترین ٹریفک جام ہو گیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات رات بھر گھر میں بجلی نہیں ہوتی جس کے باعث صبح دفتر اور بچوں کو اسکول جانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی اور پانی کی قلت کے باعث لوگ چڑ چڑے ہونے لگے ہیں۔

بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ مظاہر ہ کرنے والے ایک شخص میانداد بلوچ کا کہنا تھا کہ ایک طرف لوگ بجلی چوری کر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اور جن علاقوں میں لوگ بجلی کا بل بھرتے ہیں انہیں بھی ان افراد کی سزا بھگتنی پڑتی ہے۔ بعد ازاں پولیس نے مذاکرات کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے ٹریفک بحال کروایا۔