اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل تو سارا کا سارا ایم کیو ایم پاکستان کا بنایا ہوا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تو ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق نے بھی اسے منظور کیا۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اس بل کو ایم کیو ایم کے وزیر بیرسٹر فروغ نسیم نے ڈرافٹ کیاجبکہ ووٹنگ مشین سے متعلق تکنیکی امور پر کام آئی ٹی کے وزیر امین الحق نے کیا۔
پی ڈی ایم سربراہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی حیثیت کیا ہے، انہوں نے ہمیشہ مانگے تانگے کی سیاست کی ہے، اُن کے پلان اے، بی اور سی ناکام ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ حکومت پر اعتماد ہے لیکن وہ گھبرا رہے ہیں، چاہتے ہیں عدم اعتماد کا اظہار بند کمروں میں ہی کر لیں، ایوان میں نہ کرنا پڑے۔
خالد مقبول صدیقی نے بیرسٹر فروغ نسیم کی وزارت کو بھی ڈس اون کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پاس ایک ہی وزارت ہے، دو دو وزارتیں لے کر نہیں بیٹھے ہوئے۔