قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او عدنان ارشد اولکھ اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کے زیر صدارت ضلع کونسل ہال قصور میں محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات کے سلسلہ میں صحافیوں کو بریفنگ دینے کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔
جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش اور ضلع بھر کے صحافیوں نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظرہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد ، اتفاق اور باہمی یگانگہت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کیلئے ہم سب کو بھائی چارے اور اخوت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔محرم الحرام میں امن و امان کا قیام ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران ، میڈیا اور معززین علاقہ کے تعاون سے انشاء اللہ سابق روایات کے مطابق اس بار بھی محرم الحرام میں مقامی ہم آہنگی بھائی چارے اور رواداری کی مثال قائم ہوگی۔
ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ صحافی ملک کا چوتھا ستون ہیں کیونکہ حق اور باطل میں مثبت سوچ کا نام صحافت ہے ۔ صحافی معاشرے میں لوگوں کی زندگیوں میں جگنو کی طرح روشنی فراہم کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے ہیںاور ضلعی پولیس کی کل نفری کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری ، ایلیٹ فورس، قومی رضا کار ، سول ڈیفنس ، سپیشل فورس اور پاک فوج کے دستے محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی علماء اکرام ، صحافی ، وکلاء ، سول سوسائٹی ، تاجر اور دیگر انتظامیہ کیساتھ شان بشانہ ساتھ دیں اور محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے مثالی کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد اور اسسٹنٹ کمشنر وردہ مشہود شورش نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر روشنی ڈالی۔