گیارہ مئی عوام کا خون نچوڑنے والوں سے انتقام لینے کا دن ثابت ہوگا، سعید رضوی
Posted on April 15, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
مجلس وحدت مسلمین کے این اے 55سے نامزد امیدوار سعید رضوی نے کہا ہے کہ مخلص اور دیندار شخص ہی قوم کے مسائل حل کرسکتا ہے، پانچ برس حکومت کرنے اور کئی کئی باریاں لینے والوں نے غریب عوام کا خون نچوڑا ہے،آج عوام کو دہشتگردی، بدامنی، مہنگائی اور توانائی بحران جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مومن ایک سوراغ سے دو بار ڈسا نہیں جاتا ، قوم نے تمام جماعتوں کو ایک نہیں کئی کئی بار آزما لیا ہے لیکن ان کے تقدیر نہیں بدلی، ہاں البتہ حکمرانوں اور سیاستدانوں کی حالت ضرور بدلی ہے، اب عوام کے پاس ووٹ کی طاقت ہے کہ وہ انہیں بتا سکیں اور انتقام لے سکیں۔ انشااللہ الیکشن جیت کر حلقے لوگوں کی خدمت کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے حلقہ این اے 55کے امیدوار سعید رضوی نے امجدپورہ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سعید رضوی کا کہنا تھا کہ انہیں عوامی سطح پر بیحد پزیرائی مل رہی ہے جو بات کا غماز ہے کہ عوام سابقہ حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں سے تنگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ حلقے کے تمام طبقات گیارہ مئی کو واضح کردیں گے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے سوات میں اے این پی کے رہنماء مکر م شاہ پر بم دھاکے اور اس کے نتیجے میں ان کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا۔
جن علاقوں میں سیکیورٹی خدشات ہیں وہاں پر فوج کو ابھی سے تعینات کردیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محب وطن لوگوں کا قتل واضح کرتا ہے کہ سرحدپار لڑی جانے والی جنگ اب پاکستان کے اندر لڑی جارہی ہے۔