نیویارک (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ کے شہر نیو یارک میں معروف بین الاقوامی گلوکاروں کے زیراستعمال اشیا کی نیلامی ہوئی۔
نیلامی میں ایلوس پریسلے کے گٹار اور پیانو کے علاوہ مائیکل جیکسن کی جیکٹ، لیڈی گاگا کا پہلا پیانو اور معروف شاعر جان لینن کے ہاتھ سے لکھے ہوئے گیت کا مسودہ بھی پیش کیا گیا تھا۔ نیلام گھرکی انتظامیہ کی جانب سے توقع کی جا رہی تھی کہ ایلوس پریسلے کا گٹار زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ ڈالر میں نیلام ہو سکتا ہے تاہم یہ گٹار 3 لاکھ 34 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا۔
یہ گٹار ایلوس پریسلے کو 1969 میں ان کے والد نے تحفے میں دیا تھا تاہم انہوں نے 1975 میں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران اسے اپنے ایک مداح کو تحفے میں دے دیا تھا۔ اس کے علاوہ مائیکل جیکسن کی جیکٹ 2 لاکھ 56 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی یہ جیکٹ مائیکل جیکسن نے 1996 اور 1997 کے دوران بین الاقوامی میوزک کنسرٹس کے موقع پر پہنی تھی۔
نیلامی کے دوران سب سے زیادہ بولی معروف برطانوی گیت نگار جان لینن کے لکھے ایک گیت کے تحریری مسودے کی لگی جو 3 لاکھ 56 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا۔ نیلامی کے دوران جہاں کئی اشیا توقع سے زیادہ میں فروخت میں ہوئیں تو وہیں امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے پہلے پیانو کو کوئی خریدار ہی نہیں ملا۔