دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر مسلسل 16 میچز میں ناقابل شکست ہے، گرین شرٹس کو 2016 سے اب تک یہاں کسی ٹی ٹوئنٹی میں شکست نہیں ہوئی تاہم اس بار میچ آئی سی سی ورلڈ کپ کا ناک آؤٹ معرکہ ہے اور آئی سی سی ایونٹ کے ناک آؤٹ مقابلوں میں پاکستان کا کینگروز کے خلاف ریکارڈ کوئی حوصلہ افزا نہیں۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل 4 مرتبہ کسی بھی فارمیٹ میں آئی سی سی ایونٹس کے ناک آؤٹ مقابلوں میں مدمقابل آئیں۔
1987 کا ورلڈ کپ سیمی فائنل، 1999 کا ورلڈ کپ فائنل، 2010 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل اور 2015 ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کے میچز میں آسٹریلیا ہی کامیاب ہوا ہے۔
مجموعی طور پر دونوں آئی سی سی ایونٹس میں 17 مرتبہ مدمقابل آئے، 10 بار آسٹریلیا اور 7 بار پاکستان جیتا۔ ان میں سے 6 میچز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تھے، دونوں تین، تین بار فاتح رہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 23 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوئے ہیں جس میں پاکستان 13 اور آسٹریلیا 9 میں کامیاب ہوا ہے۔ ان میچز میں سے 8 متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ہوئے ہیں اور ان 8 میں سے پاکستان 6 میچز جیتا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہی پاکستان نے آسٹریلیا کو کسی بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست دی تھی جب 1990 میں یہاں پاکستانی ٹیم نے آسٹرل ایشیا کپ جیتا تھا۔
شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینگروز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں اپنا اچھا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے جمعرات کو بھی سرخرو ہوگی اور فائنل میں جگہ بنالے گی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ فائنل 14 نومبر کو اتوار کو کھیلا جائے گا۔