پشاور (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمرٹس نے غیر معینہ مدت کے لئے پشاورایئر پورٹ پر اپنی پروازیں بند کر دیں۔ متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمرٹس کے ترجمان نے پشاور میں اپنا فلائٹ آپریشن غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا اور پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ بھی حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔
واضح رہے گزشتہ رات پشاور ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران قومی ایئرلائن کی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ 2 فلائٹ اسٹیورڈ زخمی ہو گئے تھے جب کہ اس سے قبل 8 جون کو کراچی ایئر پورٹ پر بھی دہشت گردوں کے حملے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد ہانگ کانگ کی ایئر لائن کیتھے پیسیفک نے بھی کراچی ایئر پورٹ سے اپنا فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔