اماراتی ویزے کے منتظر 13 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گھر بھیج دیا گیا

PSL

PSL

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی سی بی نے پی ایس ایل سکس کے لیے ابوظبی روانگی کے منتظر 13 آئسولیٹڈ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گھر روانہ کر دیا۔

کمرشل پروازوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات روانگی کی منظوری ملنے تک لاہور اور کراچی کے ہوٹلز میں آئسولیشن میں موجود 13 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گھروں کو بھیج دیا گیا۔

یہ فیصلہ پی ایس ایل 6 کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ ان افراد کے ویزوں کے اجراء میں ممکنہ طور پر مزید تاخیر کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ یہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں۔

جونہی ان افراد کے ویزے جاری ہوں گے، ان افراد کو پی سی آر ٹیسٹ کروانے کے بعد پہلی دستیاب کمرشل فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ کردیا جائے گا۔

دوسری طرف پانچ کھلاڑی اور آفیشلز کراچی سے براستہ دوحہ، ابوظہبی پہنچ چکے ہیں جبکہ لاہور کے ہوٹل میں موجود 12 افراد براستہ بحرین، ابوظہبی روانہ ہوچکے ہیں۔ یہ تمام 17 افراد یو اے ای حکومت کی خصوصی اجازت کے بعد کمرشل فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ ہوئے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی اور سربراہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 بابر حامد نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ان غیر معمولی حالات میں ہمیں غیر متوقع چیلنجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں یہ تکلیف پیش آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور امارات کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام شرکاء کو بروقت ابوظہبی لایا جائے تاکہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کا آغاز کیا جا سکے۔