ماڈل ٹاؤن واقعہ کے مرکزی کردار گلو بٹ کی گوگل پلے اسٹور ایپ نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی ۔اس گیم میں گلو اندھا دھند گاڑیاں توڑتے نظر آتے ہیں جبکہ پس منظر میں پولیس اہلکار بھی کھڑے نظر آتے ہیں۔گیم ہارنے پر گلو پنجابی میں پیغام دیتے ہیں ‘نواں آیاں ایں تے چھاگیا ٹھاکرکے’۔اس گیم میں گلو، جنہیں شیرِ لاہور کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جس گاڑی کو توڑتے نظر آرہے ہیں اس کے نزدیک ایک شیر بھی کھڑا ہے۔
گلو برانڈ سپرہٹ ہو چکا ہے اس نے عالمی منظر نامے پرتہلکہ مچا دیا ہے جس کی تازہ مثال آپ کے اینڈرائیڈ سیٹ میں گوگل پلے سٹور کی ہے اس کو آپ کھولیں تو دنیا میں اس وقت مقبول ترین اینڈرائیڈ ویڈیو گیم “گلو”لسٹ میں سب سے اوپرسب سے پہلے نمبر پر سپر ہٹ نظر آئے گی جس کی اس وقت ساری دنیا دیوانی ہو چکی ہے۔ گوگل ،فیس بک ،سکائپ ،وٹس ایب سب نیچے چلے گئے ہیں اور گلو ویڈیو گیم ان سب کے اوپر ہے۔گلو ایپ کو اور کئی کمپنیوں نے نئے ناموں سے بھی بنایا ہے جیسے الو ، للو ایپ وغیرہ۔
گلو ایپ کے نئے ورژن میں گاڑیوں کے علاوہ میڑو بس ،ہوائی جہازوں اور دیگر دلچسپ چیزوں کے شیشے توڑنے کی بھی آپشن موجود ہے،ایک لاکھ کے قریب لوگ اس کو اپنے اینڈرائیڈ سمارٹ فون میں انسٹال کر چکے ہیں۔
آپ یہ گیم کھیل کر دیکھیں مزا آئے گا اس کے علاوہ الو بٹ، گلو بٹ بیٹ اپ اور دیگر مزید ویڈیو گیمز اور اپیس بھی ڈائون لوڈ کے لئے دستیاب ہیں، اس صحت افزا گیم کو کھیلنے سے جسم میں خون کی روانی تیز ہوتی ہے، سارے جسم میں نئی حرارت توانائی چستی اور تندرستی آ جاتی ہے، انسان اپنے آپ کو پھر سے جوان محسوس کرتا ہے، بیوی کے ہاتھوں سے پھینٹی کھانے کے بعد یہ گیم کھیلنے سے بلڈ پریشر نیچے لانے میںبہت مدد ملتی ہے، جن نوجوانوں کی شادی نہ ہوتی ہو وہ یہ گیم کھیلیں توگاڑیوں کے شیشے توڑنے سے ان کے جذبات کو خوب سکون ملتا ہے الغرض ہر عمر، جنس، ملک، رنگ، نسل، مذہب کے لوگوں کے لئے اس گیم میں دلچسپی اور راحت کا سامان موجود ہے۔
جن ماں باپ کو شکایت ہو کہ ان کے بچے سوشل نہیںاور کسی ایکٹیویٹی میں حصہ نہیں لیتے ان کو یہ گیم بچوں کو ضرور کھلانی چاہئیے اگلے دن سے ہی آپ کے بچے اپنے محلے میں ہی انتہائی اعلی سوشل ایکٹیویٹی شروع کر دیں گے۔ جن عورتوں کے خاونددوسری عورتوں میں دلچسپی لیتے ہوںیا بڑھاپے کی وجہ سے پھینٹی کھانے سے معذوراور ریٹائر ہو چکے ہیںمگر ان عورتوں کا دل مزید ہاتھ پائوں چلانے کا کرتا ہو ان کو بھی اس جادوئی ،روح افزا ، مفرح ،صحت افزا اور توانائی بخش گیم سے ضرور رجوع کرنا چاہئے اس سے ان کے ہاتھوں پائوں اور کلیجے میں یقینا ٹھنڈ پڑ جائے گی۔
عالمی منظر نامے پر اس وقت گلو بٹ چھایا ہوا ہے ، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ہر کمپنی میں گلوکا نام سپرہٹ ہو چکا ہے ، اس لوگو سے ہر کمپنی اپنی نئی پراڈکٹ لا رہی ہے، خصوصا جنگی سامان اور اسلحہ بنانے والے اداروں میں گلو کے نام نے تہلکہ مچا دیا ہے، ہر کمپنی اس نام کو اپنانے میں پہل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہر چیز کا نام گلو کے نام پررکھا جا رہا ہے ،نئے پرفیوم کے نام جیسے گلو پوائزن، نئی گاڑیوں کے نئے ماڈل جیسے گلومرسڈیز، جیٹ طیارے کے نئے ماڈل گلوکنکارڈ ، نئے لڑاکا طیارے گلو ایف 16،گلو میراج،گلو توپ،گلو ٹینک سے لے کر جینز کی پینٹ گلو جینز، لیڈیز لان کے نئے ڈیزائنگ گلو ستارہ لان،گلو چیونگم،گلو گولی ٹافی، چاکلیٹ کے نئے برانڈ، گلو کٹ کیٹ ، گلو کیڈ بری، مریضوں کے لئے طاقت کے ٹیکے گلوکوبال ٹیکہ،گلو ملٹی وٹامن ،انرجی ڈرنکس گلو کولا، نئے اینڈرائڈ فون گلو کواڈ کور،نئے سپر کمپیوٹر گلوآئی بی ایم، 1500سی سی موٹر سائیکل عرف گلو ہیوی بائیک،گلو چائے ہوٹل ، گلو چائنیز ریسٹورینٹ، گلو فائیو سٹار ہوٹل ، گلو نائٹ کلب، گلوشادی ہال، گلو میرج بیورو، گلو ویلفئیر کلب، گلو گاف کلب ، گلو مارکہ صابن ، گلوپراندہ ، گلو سرمہ ،گلو گرم مصالحہ ، گلو تکہ ،گلونہاری ،گلو سری پائے ،گلو انرجی ڈرنک،گلوبال پین، گلوگائیڈ ،گلو ٹھمکا، گلو کجرا، گلو ریزراور بہت کچھ کے نام سپر ہٹ گلو برانڈ کے نام پر رکھے جانے کا اغلب امکان ہے۔ گلو ٹویوٹا gullotoyota.comاور کئی ناموں سے ویب سائٹس بھی موجود ہیں۔
گلو کے نام پر فلموں کا نام رکھنے میں بازی لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے جیسے میرا گلو ہے نمبر ون، گلو دادا، گلو بدمعاش، گلو طیارہ، گلو برادران، گلو شیطان بے ایمان،گلو بٹ تے نوری نت، گلو والے دلہنیا لے جائیں گے ،گلوہمارا ٹائٹینک،ہم گلو بٹ ہیں تمہارے وغیرہ ۔نئے سیاسی نعرے بن رہے ہیں ، میرا بٹ تیر ا بٹ گلو بٹ گلو بٹ، لے کر رہیں گے گلوبٹ،گلو ہمارا شیر ہے باقی ہیر پھیر ہے اور مزید کی ڈویلپمنٹ پر کام ہو رہا ہے۔
Gullu Butt
عالمی ادارے اس سے بہت متاثر ہیں ممکن ہے کہ آئی ایم ایف کے نئے منصوبہ کا نام بھی ساتواں پنج سالہ گلو فلاحی منصوبہ، گلو منصوبہ بندی پروگرام، گلو نکاسیء آب پروگرام، گلو سیوریج اور ڈرین منصوبہ وغیرہ شامل ہیں۔ نئے ایٹم بم کا نام بھی گلو ایٹم بم رکھنے کا امکان ہے، امریکہ اب اگلے جس مسلمان ملک پر حملہ کرے گا اس کا نام بھی آپریشن گلو سٹورم ہوسکتا ہے، پینٹا گون کا نیا نام گلوگان تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔ سبزیوں پھلوں دالوں وغیرہ کی نئی اقسام کا نام بھی اس ٹرینڈ پر رکھا جا سکتا ہے مثلا گلو مارکہ دیسی ٹینڈے ،گلو کڑوے کریلے، گلو مارکہ لنگڑا طوطا پری آم،گلو اسپغول، گلو جلاب، گلو بزوری شربت،گلو تمہ، گلو اندرائن،جسم سے فاسد مادے خارج کرنے کے لئے گلو صافی شربت او ربہت کچھ اس لسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے،لہذا جلدی کیجئے اور اپنی پراڈکٹ، دوکان کاروبار کو جلدی سے گلو کے نام کے ساتھ جوڑ کر گلوٹریڈ مار ک اپنے نام کرا لیں پھر اس کی معرکہ آراپراڈکٹ آپ کی مخالف پراڈکٹ یا بزنس کا وہی حال کرے گی جو گلو بٹ صاحب گاڑیوں کے ساتھ کرتے ہیں۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ نام میں کیا رکھا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ نام میں ہی تو سب کچھ رکھا ہے آپ اپنے نئے بچے کا نام گلو بٹ رکھ کر دیکھ لیں پھرکچھ عرصے بعد گھر کے برتن،ٹی وی ، شیشے وغیرہ اچھی طرح چیک کریں کہ ان میں سے کوئی چیز ٹوٹنے سے بچی تو نہیں، اپنی بیٹی کا نام گلوشہزادی رکھیں پھر دیکھیں کہ وہ اپنے سسرال کوبجلی اورواشنگ مشین کے بغیر دھوبی پٹکے سے کیسے دھوتی ہے۔ ویب سائٹ کا نام رکھیں گلو ڈاٹ کام،گلو پوائنٹ، گلو مرکز، گلو اپ ڈیٹس، گلو آن لائن، گلو ارینا، وٹ گلو، گلو نیوز ڈاٹ کام ،پھر دیکھیں کہ دنوں میں آپ کی ویب سائٹ کہاں سے کہاں جاتی ہے، ہاں ویب سائٹ کے لوگو میں اعلی قسم کے صحت مندڈنڈے کی موجودگی ضروری ہے۔
عالمی کھیلوں میں بھی گلو کا نام سپر ہٹ ہے ، نئے عالمی گیمز کا نام گلو اولمپک، گلوباکسنگ، ڈبلیو ڈبلیو گلو، گلو مڈ ریسلنگ، گلو کیٹ واک ، گلو عالمی مقابلہ برائے حسینہ عالم رکھے جانے سے ان کی شہرت اور آمدنی بڑھنے کا بہت امکان ہے۔
الغرض گلو نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جس کے لئے ہم گلو کے شکر گزار ہیں امید ہے کہ جلد ہی ہر محلے ویونین کونسل لیول کی سطح پرگلو ویکسین ہر بچے کو پلانے سے گلوئوں کی افزائش نسل کا کام خوب فروغ پائے گا اور پاکستان کا یہ نیا فن گلوFun دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔