ٹنڈو الہ یار (جیوڈیسک) ٹنڈو الہ یار میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم کی عدم ادائیگی کیخلاف خواتین نے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور عملے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ عملے کی جانب سے انہیں رقم کے حصول کیلئے چکر پر چکر لگوا کر بے جا پریشان کیا جا رہا ہے، گزشتہ 3 ماہ سے ان کو رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
جس سے وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ رقم کی ادائیگی پر ان سے 500 سے 1000 روپے رشوت طلب کی جا رہی ہے ،متاثرہ خواتین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ عملے کی کرپشن کا فوری نوٹس لیکر رقم کی ادائیگی کو فوری یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی مالی مشکلات کچھ کم ہو سکیں۔ ادھر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازم ریاض کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔