اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق امدادی پیکج کے تحت گریڈ سولہ تک کے سرکاری ملازمین کے انتقال پر اس کے اہلخانہ کو دی جانے والی امدادی رقم کو بڑھا کر دو اعشاریہ پانچ ملین جبکہ گریڈ سترہ کے لئے یہ امداد چار ملین کر دی گئی ہے۔
گریڈ اٹھارہ سے انیس کے ملازمین کی دوران ملازمت انتقال پر امدادی رقم کو آٹھ ملین کر دیا گیا ہے۔ گریڈ بیس کے لئے یہ رقم بڑھا کر نو ملین رکھی گئی ہے۔
سیکیورٹی کے شعبے سے وابستہ گریڈ سولہ کے سرکاری ملازمین کی دوران سروس انتقال کے بعد دی جانے والی رقم کو بڑھا کر تین ملین کر دیا گیا ہے۔ سترہ گریڈ کے لئے پانچ ملین، گریڈ اٹھارہ اور انیس کے لئے نو ملین اور گریڈ بیس کے لئے دس ملین کی رقم مقرر کی گئی ہے۔
پیکج کے تحت فوت ہو جانے والے ملازم کے بچوں کو یونیورسٹی لیول تک مفت تعلیم کی فراہمی اور خاندان کے کسی بھی فرد کو گریڈ پندرہ تک سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی۔ حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔