کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے سامنے تجاوازات کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران پتھارے داروں نے شدید مزاحمت کی اور علاقہ فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا۔
صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قائم تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی۔
اس پر پتھارے داروں نے احتجاج کر تے ہوئے سرکاری اہل کاروں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی۔ اس دوران دو طرفہ فائرنگ بھی ہوئی اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر نے کے لیے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا۔
آپریشن تو کامیاب نہ ہوسکا تاہم پولیس نے کئی پتھارے داروں کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی اینٹی انکروچمنٹ عارف عزیز کا کہنا ہے کہ شہر میں جہاں تجاوزات ہوں گی وہاں کارروائی کی جائے گی۔