بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں

Load Shedding

Load Shedding

کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے لیاقت آباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ سے کراچی کے شہری سخت اذیت سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو تاجارہا ہے۔ لیاقت آباد کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کی آواز بلند کی ہے لیکن احتجاج اور مظاہرے مسئلے کا حل نہیں، حکومت سنجیدگی سے بجلی کے مسئلے کو حل کرے اور لیاقت آباد سمیت کراچی کے وہ علاقے جو بجلی کی بندش کے عذاب کو جھیل رہے ہیں

وہاں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی کی بندش سے عوام کے مسائل میں بے تحاشہ اضافہ ہو جاتا ہے۔عوام پہلے ہی پانی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے رہی سہی امید بھی ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل آسمان سے باتیں کرتے ہیں، کراچی کے شہری اس کے باوجود بل ادا کرتے ہیں لیکن ستم یہ ہے کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام پر ظلم کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہاکہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی، کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ برق رفتاری سے برقی نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے۔