برداشت، رواداری کے جذبوں کو فروغ دینا، اتحاد و یگانگت کی فضا قائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ایم اے تبسم

M.A.TABASSUM

M.A.TABASSUM

لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے مرکزی صدر ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ برداشت اور رواداری کے جذبوں کو فروغ دینااور آپس میں اتحاد و یگانگت کی فضا قائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے اندر پاکستانیت پیدا کریں تاکہ دنیا بھر میں ہماری شناخت ہو۔ان خیالات کا اظہار ایم اے تبسم نے گزشتہ روز اپنے اعزاز میں بزرگ شاعر، کالم نگار، ادیب، افسانہ نگار ع۔م بدر سرحدی کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف کالم نگار امتیاز علی شاکر، ساحر قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔

ایم اے تبسم نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگی کو بہترین بنانے کے لیے اعلیٰ اقدار کو اپنا نا ہو گا اور انہی اوصاف کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہو گا۔ ایم اے تبسم نے کہا کہ ہماری تہذیب و ثقافت بہت شاندار ہے۔ تخلیق کار اپنے مشاہدوں اور تخلیقی کاموں کو محفوظ بنائیں تاکہ آنے والی نسلیں اس خطہ سے روشناس ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقائی ، لسانی، صوبائی اور مذہبی تعصبات سے بالاتر ہوکر معاشرہ کو منظم کرنے کی ضرورت ہے اور یہی اسلام کا حقیقی سبق ہے۔

ایم اے تبسم نے کہا کہ ہمیں ملکی قوانین اور معاشرتی اصولوں کی پاسدار ی کرنی چاہئے، اسی میں ہی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو تحریک پاکستان والے جذبہ کی ضرورت ہے۔ قلم کار اپنی تحریروں میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کریں۔

ایم اے تبسم (مرکزی صدر)
کالمسٹ کونسل آف پاکستان ”سی سی پی”
0300-4709102