پشاور (جیوڈیسک) اسفند یارولی کا کہنا ہے کہ دشمن جو مرضی کر لے، میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، حملہ آور میدان میں آئیں، پیٹھ پر وار نہ کریں۔
اے این پی کے سربراہ اسفند یارولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تین دن کوئی جلسہ جلوس نہیں ہوگا، تین دن بعد پھر روزمرہ کی الیکشن مہم ہوگی، جو مرضی ہو جائے ہم نے میدان نہیں چھوڑنا۔ انہوں نے کہا بی بی شہید ہوئی تو ہم نے یہاں سوگ منایا، ہمارا کم ازکم بدلہ تو چکائیں۔
یاد رہے یکہ توت میں گزشتہ شب ہونے والے دھماکے میں 20 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہداء میں سابق صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کے فرزند ہارون بلور بھی شامل ہیں جو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے انتخابات لڑرہے تھے۔
ہارون بلور جیسے ہی سٹیج کے قریب پہنچے خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، ہارون بلور کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔ اس سے قبل ان کے والد بشیر احمد بلور کو بھی 2012ء میں اسی طرح کے خود کش حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔