سبی (جیوڈیسک) سبی کوہلو شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا بلوچستان کی خوشحالی ہماری منزل ہے ۔ سبی اور کوہلو کے درمیان خوشحالی کا راستہ کھل رہا ہے۔ صرف منزل کا خواب نہیں دیکھا راستے کا بھی خواب دیکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا انفراسٹرکچر کے بغیر کوئی منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ ماضی میں کسی حکومت نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی لیکن موجودہ حکومت نے سڑکوں کی تعمیر پر بھرپور توجہ دی۔ بلوچستان کے لوگوں کو عذاب میں مبتلا کرنیوالی طاقتیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔
دشمن کے تمام ناپاک ارادوں کا مقدر ناکامی ہے۔ پاک فوج ، ایف سی کی قربانیوں سے دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑی اور آج ہم نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا عشروں سے جاری محرومیوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور بلوچستان کے عوام کے حقوق انہیں واپس مل رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اسکول اور چھوٹے اسپتال بنانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ ثنااللہ زہری نوجوان ہیں اور بلوچستان کے سارے خواب پورے کریں گے۔ بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا گوادر پاکستان کا ہی نہیں خطے کا بہترین شہر بنے گا۔ بلوچستان کی پسماندگی کو ختم کریں گے۔ سڑکیں ترقی کو پورے ملک میں تقسیم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں جبکہ ترقی اور خوشحالی پورے ملک میں مساوی ہونی چاہیے۔
اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں گوادر فری ٹریڈ زون سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا اقتصادی راہداری میں گوادر بندرگاہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اس سے چین کو بحیرہ عرب تک رسائی ہو گی ۔ صاف پانی ، بجلی ، ہسپتال ، ایئرپورٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب چین سے گوادر تک ٹریفک چلے گی۔