سکردو (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی دشمن قوتیں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہیں اور بلوچستان اور گلگت بلتستان ان کے مخصوص ہدف ہیں۔
انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز قراقرم بین الاقوامی یونیورسٹی کے سکردو کیمپس میں ہونہار طالب علموں کے درمیان لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی طالب علموں میں وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپس تقسیم کئے گئے۔
صدر نے گلگت بلتستان کے لوگوں پر زوردیا کہ وہ ان سازشوں سے ہوشیار رہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں ۔ ممنون حسین نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف گلگت بلتستان کے عوام سے انتہائی مخلص ہیں اوراس کی تیزی سے ترقی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ علاقے میں وزیراعظم کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے نہ صرف سکردو میں ، بلتستان یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا بلکہ اس کیلئے دو ارب روپے جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔
صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
گلگت بلتستان کے گورنر میر غضنفر علی اور وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد آصف خان نے اس موقع پر استقبالیہ خطاب کیا۔