کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھو کھر نے کہا ہے کہ کوئی مذہب نفرت اور حسد کرنا نہیں سکھاتا آج ہم خود اپنے مذہب پر عمل پیرا نہیں مذہب پر مفادات کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے معاشرے میں افراتفری پیدا ہورہی ہے جب پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہورہا ہے تو دشمن فرقہ واریت کا ہتھیار استعمال کرنے لگا ہے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم سب کو متحد ہونا ہے۔
ان خیالات کا اظہار نعیم کھو کھر نے اعظم بستی میں مقامی مسیحی کارکن عادل جارج مٹو و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔نعیم کھو کھر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے اور فرقہ واریت پھیلانے والے تمام مذاہب کے مشترکہ دشمن ہیں ان کا مقابلہ بھی متحد ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے ۔نعیم کھو کھر نے کہاکہ بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ضرور ہے لیکن ہمارا دوست نہیں ہے ،انہوں نے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھارت سے دوستی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں جنگ ستمبر 1965ء کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا نعیم کھو کھر نے نے کہاکہ پاکستان کی سلامتی اور اس کے تحفظ کے لئے پوری قوم متحد ہے اور ہر محاز پر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔