کراچی: جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ یہ وقت تفرقہ اور فساد کا نہیں ہے، اس وقت وہ عناصرقابل نفرت ہیں جو جمہوری جماعتوں اور پاک فوج سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں ،ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج ہے، گزشتہ چند دنوں میں جو بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے وہ ضرور حفاظتی اداروں کی کمزوری یا غفلت کا نتیجہ تھے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم ایسے نازک مرحلے پر اداروں اور ایوان کے درمیان غلط فہمیاں عام کریں۔
جمعیت علماء پاکستان بحیثیت محب وطن مذہبی و سیاسی جماعت سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے، ماضی کی غلطیاں بھلا کر مستقبل کے فیصلے لینے ہونگے دانشمندی یہ ہے کہ آنے والے کل کو محفوظ بنایا جائے نہ کہ گزرے ہوئے کل کے مرثیے پڑھیں جائیں ، دہشت گردی کے واقعات کی سب سے بڑی وجہ معلومات کی فراہمی ہے، تین سال سے انٹیلیجنس شیئرنگ کی بات کی جارہی ہے مگر ایسا کوئی ادارہ نہیں بنایاجا رہا ہے جہاں تمام سیکورٹی اداروں کی معلومات کو مرکزیت دی جا سکے تا کہ دیگر اداروں کو تفتیش الف سے نہ کرنی پڑے،مزارات اولیاء مہم کے حوالے سے سہون شریف اور حیدرآباد پریس کانفرنس کے بعد کراچی آمد کے موقع پر مختلف مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ دشمن کی گردن دبوچ لینے کا وقت آگیا ہے۔
اگر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے لئے سرحد کی دوسری طرف بھی جانا پڑا تو پاک فوج کے ساتھ ہیں،دھماکے کرنے والوں میںاخلاقی جرات نہیں ہے، پیچھے سے وار کرتے ہیں،معصوم شہریوں کو مارتے ہیں،چارسدہ حملہ بوکھلاہت کا نتیجہ ہے، حفاظتی ادارے کے اراکین قابل فخر ہیں جنہوں نے کسی بڑے نقصان سے قوم کو بچالیا،گرفتاریاں تو ہو رہی ہیں مگر سزا کب دی جائے گی، سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے،جب تک اسلامی قوانین کے مطابق قتل کی سزا نہیں دی جائے معاشرے سے سنگین جرائم اور دہشت گردی میں کمی نہیں آئے گی۔
اسلامی قوانین کی حکمت یہ ہوتی کہ معاشرہ کا ہر فرد قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے اور چھوٹے سے جرم کا ارتکاب کرنے سے بھی گھبراتا ہے،جمعیت علماء پاکستان کے ترجمان کے مطابق 23بروز جمعرات بمقام رہائش گاہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی جمعیت علماء پاکستان اور قومی عوامی تحریک کے مشترکہ پلیٹ فارم سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی ہے جس میں سندھ بھر کی محب وطن نمائندہ سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتیں پاکستان کی موجودہ صورتحال اور امن و امان کے بگڑتے حالات پر اظہار خیال و آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے، سندھ بھر کی تمام جماعتیں کل دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر قومی یکجہتی کا بھی اظہار کریں گی،آل پارٹیز کانفرنس میں صدارت جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے شاہ محمد اویس نورانی صدیقی اور قومی عوامی تحریک کی جانب سے ایاز لطیف پلیجو کرینگے،آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا سے پریس کانفرنس میں تمام نمائندوں اور جماعتوں کا مشترکہ لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے۔