اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خطے میں امن کے استحکام کیلئے اہم ہیں، چین کے ساتھ دوستانہ اور قریبی تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا خاصہ اور ستون ہیں،ان کا کہناہے کہ ان کے پہلے سرکاری دورہ چین گہری دوستی کا مظہر ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم میاں نواز شریف سے چین کے پاکستان میں نئے مقرر کردہ سفیر مسٹر سن ویڈونگ اور چینی میڈیا کے وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہیں۔ پاکستان چین کیساتھ توانائی، تعمیرات اور ٹیکسٹائل کے شعبہ میں تعاون کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے چین کے نئے سفیر سے گلگت میں چینی سیاحوں کی ہلاکت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کہاکہ واقعے کے ملزمان کو ہرصورت کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ،وزیراعظم نے کہاکہ گوادر پورٹ منصوبہ پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا عکاس ہے، گوادر کی بندرگار گاہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے عوام کی قسمت بد لے گی۔