لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گیس اور بجلی کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے، توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کے ساتھ نجی شعبے کو بھی بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، معروف صنعت کار میاں محمد منشا کی قیادت میں صنعت کاروں کے وفد نے وزیر اعلی شہباز شریف سے ملاقات کی اور پنجاب میں توانائی کے منصوبے لگانے پر آمادگی کا اظہار کیا، وزیر اعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کی کمی دور کرنے کے لیے صنعت کاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کی معاونت درکار ہے۔
بجلی اور گیس کی چوری کا خاتمہ کیے بغیر گردشی قرضوں کا مستقل خاتمہ ممکن نہیں، سرگودھا ڈویڑن کے منتخب اراکین سے ملاقات میں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ وہ قوم کوبجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل سے نجات دلا کر دم لیں گے، کرپشن کے خاتمے، قانون کی حکمرانی اور گڈ گورننس کے ذریعے پنجاب کو مثالی صوبہ بنا دیں گے۔