اسلام آباد (جیوڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو توانائی کے شعبے کیلئے 24 کروڑ 50 لاکھ فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں سیکریٹری اقتصادی امور نرگس سیٹھی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ورنر لی پیکھ نے معاہدے پر دست خط کئے۔ یہ رقم بجلی کا ترسیلی نظام بہتر بنانے کیلئے منظور شدہ پروگرام کا حصہ ہے۔
رقم کے ذریعے جون 2016 تک پاکستان میں بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جائے گا، 791 کلومیٹر تک نئی ٹرانس میشن لائن بچھائے جائے گی جس سے بجلی کے ترسیلی نقصانات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک 2017 تک پاکستان میں توانائی کے شعبے میں 2 ارب 90 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جس کے ذریعے بجلی کی لائنوں کو بہتر بنایا جائے گا۔