لاہور(جیوڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم سہیل وجاہت کا کہنا ہے کہ الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں ہو گی ،نگراں حکومت نے آئین کے تحت شفاف اوربروقت الیکشن کرانے کا حلف اٹھا رکھا ہے، ٹاون شپ لاہور میں پٹرول پمپ کے افتتاح کے موقع پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا۔
کہ نگراں حکومت الیکشن کرا کے اوراقتدار نئی منتخب حکومت کو منتقل کر کے وقت پر چلے جائے گی ،انہوں نے کہا کہ گیس اوربجلی بحران نگراں حکومت پر ڈالنا درست نہیں، گزشتہ تین سال میں کچھ نہیں کیا گیا۔
اس مسئلے کیلئے تین سال کا عرصہ درکار ہے،سہیل وجاہت نے مزید کہا کہ 400 ملین کیوبک فٹ گیس چوری کون کرتا ہے اس کی چھان بین اور روک تھام ہونی چاہیئے،گیس کے معاملے میں کسی صوبے سے زیادتی نہیں ہو رہی،فارمولے کے تحت تقسیم کی جاتی ہے۔