توانائی بحران بڑا چیلنج، خاتمے کیلئے تیزی سے اقدامات اُٹھا رہے ہیں: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کے دور میں کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔ توانائی بحران کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے حکومت توانائی کی کمی پر قابو پانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات اُٹھا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور میں انٹرنیشنل فنانس کار پوریشن کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں ٹیکس نظام، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں بہتری لانے کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل فنانس کار پوریشن پنجاب میں مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے آئی ایف سی کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اُٹھایا جا رہا ہے۔ آئی ایف سی انرجی سیکٹر میں تعاون کو فروغ دے۔

سربراہ آئی ایف سی وفد اینڈری میخ نیو کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔