توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے،چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

لاہور (پی پی سی) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کو قابل عمل منصوبہ قرار دینے کے بعد واپڈا کی طرف سے اسے پھر سے آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے منصوبوں میں شامل کرنا خوش آئند ہے ۔اس کی سیاسی بنیادوں پر مخالفت کرنے والے اس کے فوائد پر بھی نظر دوڑائیں۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر تکنیکی نہیں سیاسی مسئلہ ہے اور اسے قومی اتفاق رائے سے ہی حل کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے سیلاب اور ڈوب جانے کی منطق رکھنے والے دیکھیں کہ آج آدھا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے یہاں کون سے کوئی ڈیم بنے ہوئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نصر اللہ مغل نے کہا کہ دزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب کی جانب سے چھوٹے ڈیم کی تعمیرکے بیانات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چھوٹے ڈیم بنا کر پانی اور توانائی کے بحران کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

لیکن توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے، کالاباغ ڈیم کا منصوبہ سستی ترین بجلی کے حصول اور زراعت کی ترقی کا باعث بنے گا۔ پاکستان کا مستقبل زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے جب زراعت ترقی کرے گی تو صنعت کو وافر خام مال مہیا ہوگا اور چمنیوں سے نکلنا شروع ہوجائے گا۔ 6.1ملین فٹ پانی کا ذخیرہ کرنے والے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔