توانائی بحران کے خاتمے کے لئے چین کی پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہئے : جماعت اسلامی پنجاب
Posted on May 24, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب و نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے چین کی پیشکش سے فائدہ اٹھا ناچاہئے۔برادر ہمسایہ ملک ہر مشکل وقت میں پاکستانی قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑارہا ہے۔چین کے ساتھ سٹریجک تعلقات کو مضبوط بناتے ہوئے ان کی معاشی ترقی کے تجربات سے فائدہ اٹھا نا ہوگا۔
وطن عزیز اس وقت شدید بحرانوں کا شکار ہے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے نگران دور حکومت میں من پسند افراد کونوازنے کے لئے تقرریوں وتبادلوں کو معطل کرنا خوش آئند ہے۔ہر دور میں میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اقربا پروری کو فروغ دیا گیا۔اہم عہدوں پر نااہل لوگوں کو تعینات کرکے اداروں کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیاگیا۔پی آئی اے،ریلوے،حج منسٹری،اسٹیل مل اس کی زندہ مثالیں ہیں۔
نگران حکومت نے شفاف اور منصفانہ انتخابات تو نہ کروائے مگر ہر وہ کام کیا جو اس کے ذمہ نہ تھا۔انہوں نے خسرہ کی وبا سے معصوم جانو ں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی ناکامی اور مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں اب تک88بچے موت کے منہ میں جاچکے ہیںجبکہ حکمرانوں کو کسی قسم کی پروا نہیں۔صرف لاہور شہر میں5ہزار کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
لواحقین کو ہسپتالوں میں خسرے سے بچائوکی ادویات نہیں مل رہی۔انہوں نے مزید کہاکہ مسلم لیگ(ن)اور دیگر جماعتوںکوعوام نے مینڈیٹ دیا ہے۔لوڈشیڈنگ،مہنگائی،بے روزگاری اوربدامنی سے عوام نجات چاہتے ہیں۔نئی حکومت کو عوامی توقعات پر پورا اترنا چاہئے۔