توانائی بحران کے حل کیلئے جواب دہ ہیں عوام کو شرمندہ نہیں کرینگے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) 32 ارب ڈالر پیکیج کا اعلان کرکے چین نے دوستی کا ثبوت دیاوزیراعلیٰ کا کوئلے سے بجلی پیدا کرنیوالے جدید انرجی پارک کا دورہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی ترقی دنیا کے تمام ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے، اس ترقی کا راز مسلسل محنت اور یکسوئی میں مضمرہے وہ گزشتہ روز چین کے شہر جینگ میں سٹی کونسل کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلٰی نے کہا اہل پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے، چین کی حکومت نے ایسے وقت میں جب پاکستان توانائی کے بد ترین بحران کا شکار ہے ہمارے لئے 32 ارب ڈالر کے تاریخی پیکیج کا اعلان کرکے دوستی کا حق ادا کر دیا ہے، ہمارے عظیم دوست چین نے اپنا کام کر دیا اب اس پیکیج سے بہترین نتائج حاصل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا میں ملک سے باہر آ کر یہ نہیں کہنا چاہتا کہ پچھلی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا لیکن میں چین کی حکومت کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی موجودہ حکومت اپنے دوست ممالک کی مدد سے ملک کو بجلی میں خود کفیل بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے جینگ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے جدید ترین انرجی پارک کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے دوگھنٹے تک انرجی پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے چینی حکام اور ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان پانی، ہوا، تیل، کوئلے، گیس سمیت ہر ذریعے سے بجلی پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور ہمیں ان تمام شعبوں میں چین جیسے دوست ممالک کاتعاون درکار ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہماری انرجی پالیسی شفاف، تیز رفتاری اور کوالٹی کے بنیادی ستونوں پر قائم ہے توانائی بحران کے حل کے لیے عوام کے سامنے جواب دہ ہیں انہیں شرمندہ نہیں کریں گے۔وزیراعلیٰ نے پسرور کے نواح میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی چھت گرنے سے طالبات کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان کے بعض علاقوں میں سیلابی ریلوں سے پہنچنے والے نقصانات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔