لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت کی تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں نیپرا، این ٹی ڈی سی اورصوبے کی مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی، اس موقع پر قائداعظم سولرپارک کے منصوبے کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے سولرپاورمنصوبے کی ٹرانس میشن لائن سے متعلق ٹائم لائن پرعمل نہ کرنے پرمتعلقہ حکام کی سرزنش کی، انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش توانائی بحران کے پیش نظر بجلی کے پیداواری منصوبوں کی مقررہ مدت کی تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔