انجینئر سعید احمد راہنما جماعت اسلامی نے سانحہ منگووال پرانتہائی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا

کھاریاں : انجینئر سعید احمد راہنما جماعت اسلامی نے ایک بیان میں سانحہ منگووال پرانتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ پر ہمارا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ محض چند افراد کی مجرمانہ غفلت اورپیسے کی ہوس نے کتنے گھروں کے چراغ گل کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسی ویگن میں معصوم بچوں کو بھیڑبکریوں کی طرح ٹھونسا گیا تھا جس کی نہ پٹرول کی ٹینکی ہے نہ دروازوں کے لاک ہیں اورنہ اس کے ساتھ کوئی ہیلپرہے حتہٰ کہ ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ کالائسنس بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مجرمانہ غفلت برتنے والے ان افراد کی آنکھوں پرصرف لالچ کی پٹی بندھی ہوئی تھی۔

جس کی وجہ سے انہیں شہیدہونے والے بچوں کی زندگی کی قدروقیمت کااندازہ نہ تھا۔ان معصوموں کی چیخیں اوران کی مائوں کی آہیں قیامت تک ان کاپیچھانہیں چھوڑیں گی۔انجینئر سعید احمد نے کہا کہ میری طرح ہر کوئی آج خون کے آنسو رو رہا ہے۔ اسے یوں محسوس ہوتاہے جیسے یہ سانحہ جناح سکول کے بچوں کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ اس کے اپنے جگر گوشوں کے ساتھ ہواہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیچربہن سمیعہ نے جس بہادری اورجواں ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں کی جانیںبچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی اسے صدیوں تک فراموش نہیں کیاجاسکے گا۔ ہراستادان کی قربانی پرہمیشہ فخر کرتا رہے گا۔ ٹیچرسمیعہ شہیدکی بہادری اور جاں نثاری پرانہیں پاکستان کااعلیٰ سول ایوارڈ نشانِ امتیاز دیا جائے۔