انجن کی عدم دستیابی، کراچی ایکسپریس دس گھنٹے تاخیر کا شکار

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس انجن کی عدم دستیابی کے باعث دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی، پریشان مسافروں نے ریلوے سٹیشن پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے انتظامیہ کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ لاہور ریلوے سٹیشن سے کراچی ایکسپریس نے منگل کی شام پانچ بجے روانہ ہونا تھا۔

لیکن ریلوے انتظامیہ وجہ بتائے بغیر مسافروں کو ہر ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد ٹرین کی روانگی کی اطلاع دیتی رہی۔ بچوں بڑوں اور خواتین کے ہمراہ بے یارو مدد گار پڑے مسافروں کا رات دو بجے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

اور انھوں نے انتظامیہ کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ عملہ مشتعل مسافروں سے دم دبا کر بھاگ نکلا۔ بالآخر ساڑھے دس گھنٹے انتظار کرنے کے بعد کراچی ایکسپریس کو رات ساڑھے تین بجے روانہ کر دیا گیا۔