دورہ انگلینڈ؛ عامر کیلیے خصوصی کوڈ آف کنڈکٹ تیار

Amir

Amir

لاہور (جیوڈیسک) دورۂ انگلینڈ میں محمد عامر کیلیے خصوصی کوڈ آف کنڈکٹ ہوگا،ٹیم منیجر انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ پیسر اس بار کسی غلطی کے متحمل نہیں ہوسکتے، انھیں مشتعل کیا جاسکتا ہے، خود ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے مینجمنٹ کو اطلاع دینا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کو تنازعات سے دور رکھنے کیلیے ٹیم مینجمنٹ کو خاص ہدایات جاری کی ہیں، منیجر انتخاب عالم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انگلینڈ کے گذشتہ دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس بار ڈسپلن کے معاملے میں سخت ہدایات جاری کی ہیں، مینجمنٹ کو زیادہ چوکس رہنا ہوگا،انھوں نے کہا کہ محمد عامر کے بارے میں واضح ہدایات موجود ہیں، پیسر اس بار کسی غلطی کے متحمل نہیں ہوسکتے، ان کو انکساری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، انھیں بتا دیا گیاکہ انگلینڈ میں مشتعل کیا جاسکتا ہے لیکن خود ردعمل ظاہر نہیں کرنا بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو اس بارے میں اطلاع دینا ہوگی، نیوزی لینڈ میں بھی باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے آوازیں کسی گئی تھیں لیکن کوئی جواب نہ دیے جانے پر خاموشی ہوگئی۔

انتخاب عالم نے کہا کہ محمد عامر کو سخت کوڈ آف کنڈکٹ کا پابند کیا گیا ہے، یہ بات بھی واضح کر دی گئی کہ اگر کوئی بھی شخص ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کرے تو اس کی اطلاع مینجمنٹ کو دیں، موقع دیے جانے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندے پیسر سے ایک بار ان سے بات کرلیں گے جس کے بعد فرداً فرداً کسی کو بھی انٹرویو کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انتخاب عالم نے کہا کہ عامر کو کیریئر میں ضائع ہونے والے 5برس کی تلافی کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ پر ثابت کرنا ہے کہ وہ اب اپنی صلاحیتوں سے انصاف کرتے ہوئے وقار کی جانب سفر کرنے کیلیے تیار ہوچکے ہیں، کم بیک کے بعد ان کا رویہ اچھا رہا اسی کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔