انگلش بلے باز ٹریسکوتھک نے پاکستان سے ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنی ٹیم کو خبردار کردیا

Trescothick

Trescothick

لندن (جیوڈیسک) انگلش لیفٹ آرم بلے باز ٹریسکوتھک نے ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر ان کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

انگلش ٹیم کے بلے باز ٹریسکوتھک ان دنوں پاکستان کے خلاف فرسٹ کلاس میچ کھیلنے میں مصروف ہیں جنہیں محمد عامر نے اپنی زبردست گیند پر آؤٹ کیا۔ ٹریسکوتھک نے محمد عامر کے ایک اوور میں 2 چوکے لگائے جس کے بعد وہ انہی کی زبردست گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ فاسٹ بولر محمد عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد وہ ان کے گرویدہ ہوگئے اور انہوں نے انگلش بلے بازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ انہیں مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے ٹریسکوتھک کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر عموماً بہت پہلے گیند کو سوئنگ کرتے ہیں لیکن محمد عامر ان خاص گیند بازوں میں شامل ہیں جو لیٹ سوئنگ کرتے ہیں اور اس صورت میں وہ انگلش ٹاپ آرڈر کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ محمد عامر نے اپی زبردست اندر آتی ہوئی گیند پر ایڈم ہوس کو بولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے اپنی ایک اور شاندار گیند پر پیٹی ٹریگو کی وکٹ حاصل کی اور دونوں وکٹوں میں ایک چیز نمایاں دیکھی جاسکتی ہے جو کہ ایکسٹرا پیس ہے۔

انگلش بلے باز کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے ایک طویل عرصے تک دوری کے بعد پھر دوبارہ گراؤنڈ میں آکر اسی انداز میں اپنی پرفارمنس دکھانا حیران کن ہے،شاید کرکٹ سے دوری نے انہیں مزید محنت پر مجبور کردیا اور ایکسٹرا پیس سخت محنت کے بغیر حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ ٹریسکوتھک 2000 سے 2006 تک انگلیںڈ کی جانب سے 76 ٹیسٹ میں نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے 44 کی اوسط سے 5 ہزار 825 رنز بنائے جب کہ انہوں نے 14 سنچریاں بھی بنائیں۔