لندن (جیوڈیسک) لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹٓس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن انگلش اوپنرز ٹیم کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے۔ جیسن روئے اور ایلکس ہیلز جلد ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
جیسن نے 4 جبکہ ہیلز نے صرف ایک رن بنایا۔ جونی بیرسٹو 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹوبی رونلڈ جونز 37 جبکہ ڈیوڈ ولی نے 26 رنز بنائے جس کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم 153 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔
ان کے علاوہ کوئی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کباڈا 4 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب گیند باز رہے جبکہ وائن پارنل اور کیشو مہاراج کے حصے میں 3، 3 وکٹیں آئیں۔ انگلینڈ کی ٹیم پورے پچاس اوور بھی نہیں کھیل پائی اور اکتیس اعشاریہ ایک اوورز میں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقا کو 154 رنز کا ٹارگٹ دیا جو اس کے کھلاڑیوں نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے سٹائلش بلے باز ہاشم آملہ 55، کونٹن ڈی کوک 34، اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پال ڈومنی نے 28 جبکہ اے بی ڈیویلرز نے 27 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے اور فتح اپنے نام کی۔